پاکستان کو 25کروڑ ڈالر کی امداد دینے کا کوئی منصوبہ نہیں، وائٹ ہاﺅس
واشنگٹن..... وائٹ ہاﺅس نے کہا ہے کہ امریکہ کا پاکستان کو 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے تعاون کا جائزہ لے رہی ہے۔ مذکورہ عہدیدار کاکہنا تھاکہ صدر یہ بات واضح کرچکے ہیں کہ امریکہ پاکستان سے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی توقع رکھتا ہے اور جنوبی ایشیاسے متعلق حکمت عملی میں پاکستان کا کردار ہمارے تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرےگا جس میں مستقبل کی سیکیورٹی معاونت بھی شامل ہے۔وائٹ ہاﺅس کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ نے گزشتہ 15 برسوں میں اسلام آباد کو بے وقوفوں کی طرح 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دئیے ۔