Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جعلسازی سے محفوظ ای پاسپورٹ کے اجراءکی تیاریاں مکمل

کراچی..... جعلسازی سے مکمل محفوظ ای پاسپورٹس کے اجرا کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پہلے مرحلے میں سرکاری افسران اور سفارت کاروں کو ای پاسپورٹ جاری کئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے مائیکرو چپ والے جدید ای پاسپورٹس کے اجرا کیلئے اقدامات کرلئے ہیں۔ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر سفارت کاروں اور سرکاری افسران کو ای پاسپورٹس جاری کئے جائینگے۔ مذکورہ پاسپورٹس کو جعلسازی سے مکمل محفوظ رکھنے کیلئے مائیکرو چپ لگائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بلیو اورریڈ پاسپورٹس کے اجرا کا آغاز مارچ 2018 ءسے ہو گا جبکہ عام شہریوں کو ای پاسپورٹس کا اجرا دوسرے مرحلے میں کیا جائے گا۔سیکیورٹی پرنٹنگ پریس سے بائیو میٹرک پاسپورٹس کی پہلی کھیپ اسلام آباد روانہ کردی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں 500آزمائشی ای پاسپورٹس جاری کئے جائیں گے۔ذرائع نے بتایاکہ ای پاسپورٹس میں نئے محفوظ ترین سیکیورٹی فیچرز شامل کئے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فیچرز میں کاربوریٹڈ صفحات، ایک عام فوٹو اور ایک ڈاٹیڈ فوٹو بھی شامل ہے۔کاربوریٹڈ صفحات سے پاسپورٹس میں کسی بھی قسم کی جعلسازی ناممکن ہو گی، بائیو میٹرک پاسپورٹ پر لگی مائیکرو چپ میں پاسپورٹ ہولڈر کے تمام کوائف درج ہوں گے۔10 سالہ ای پاسپورٹ کی فیس جاری کردہ عام پاسپورٹ کے برابر ہوگی۔مخصوص مدت کے بعد موجودہ کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹس مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے وسط میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاتھا کہ شہریوں کو نئے سال 2018 ءکے وسط میں ای پاسپورٹ کا اجرا شرو ع کردیا جائے گا جس میں مائیکرو چپ لگی ہو گی۔ اس جدید پاسپورٹ کے اجرا سے جعلی کاغذات کے ذریعے بیرون ملک سفر کرنے والوں کا قلع قمع کیا جا سکے گا۔
 

شیئر: