Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی عزت نفس پر حملے کا کسی کو حق نہیں، احسن اقبال

 اسلام آباد..... وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو پاکستان کی قربانیوں کے ساتھ مذاق کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ کسی کو حق نہیں کہ وہ پاکستان کی عزتِ نفس پر حملہ کرے۔ اسلام آباد میں پولیس لائنز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس خطے میں امن کیلئے کوششیں کیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے جتنی قربانیاں دیں دنیا کے کسی ملک نے نہیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک خوددار قوم ہے اور ہم دنیا کے ساتھ عالمی امن کے لیے نہ صرف اس خطے میں بلکہ پوری دنیا میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس کے باوجود ہماری پولیس کو بین الاقوامی مشن میں جانے سے روک دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیس، رینجرز اور فوج کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر امن کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا اس خطے میں بھی ہم نے ان دہشت گردوں قوتوں کا مقابلہ کیا جو افغانستان میں ڈیرے لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں اور اگر آج پاکستان آپریشن ردالفساد اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ کرتا تو یہ گروپ اس خطے کےلئے بہت بڑا خطرہ بن سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا اور امریکہ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کو طعنہ دینے سے پہلے آپ یہ سوچیں کہ آج آپ کے بکھیرے ہوئے کانٹوں کی قیمت پاکستان ادا کر رہا ہے اور سوویت یونین کے خلاف جو جنگ لڑی گئی اس کی ٹرافی بھی آپ نے حاصل کی۔

شیئر: