واشنگٹن۔۔۔2016 کے انتخابات کے دوران ٹرمپ کا بیٹا روسیوں سے ملاقات کر کے غداری کا مرتکب ہوا۔ ٹرمپ کے سابق مشیر اسٹیو بینن نے مائیکل وولف کی کتاب میں انکشافات کر دیئے جس کے رد عمل میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسٹیو بینن اپنے حواس کھو بیٹھا ہے۔ اسٹیو بینن نے مائیکل وولف کی کتاب میں کہا کہ امریکی صدارتی انتخابات کے دوران ٹرمپ کے بیٹے، داماد اور مہم کے سربراہ نے روسی وکیل سے ٹرمپ ٹاور میں ملاقات کی تھی۔ ٹرمپ کا بیٹا روسی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کر کے غداری کے مرتکب ہوا۔ ملاقات کرانیوالے نے ہیلری کلنٹن کیخلاف دستاویز فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اسٹوبینن کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ مبینہ خفیہ معاہدے کے خلاف تحقیقات میں منی لانڈرنگ پر فوکس کیا جائے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کے خلاف تحقیقات اسے توڑ کر رکھ دیں گی۔ ٹرمپ جونیئر اور روسی رہنماؤں کی ملاقات کا بھانڈا نیویارک ٹائمز نے پچھلے سال جولائی میں پھوڑا تھا۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹیو بینن کے انکشاف پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اسٹیو بینن اپنے حواس کھو بیٹھا اور وہ میڈیا کو غلط معلومات فراہم کر رہا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ بینن صرف چند بے خبر لوگوں کو ہی بیوقوف بنا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیو بینن نے نوکری کے ساتھ دماغ بھی گنوا دیا ہے۔