Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناروے کے اسٹریٹ لیمپ ہیوی ٹریفک میں زیادہ روشن

اوسلو .....  جب سے دنیا میں گاڑیوں او رٹریفک کا معاملہ سامنے آیا ہے سڑکوں کو منور رکھنا بھی اس نئی عمرانی سہولت کا حصہ قرار دیا جاتا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ امکانی حادثات سے بچنے کیلئے دنیا کی بیشتر سڑکوں کے کنارے اسٹریٹ لیمپس لگائے گئے ہیں جو را ت بھر روشن رہتے ہیں مگر اس طرح توانائی کا ضیاع بھی ہوتا ہے کیونکہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ رات کے وقت کئی گھنٹے تک اکا دکا گاڑیاں ہی سڑکوں سے گزرتی ہیں اور کبھی کبھار ایک گاڑی بھی ا دھر سے نہیں گزرتی یعنی ان گھنٹوں میں جلنے والی بجلی سراسر نقصان ہے اسی نقصان کو بچانے کیلئے ناروے کے ٹریفک حکام نے یہاں ایک سڑک کے کنارے جو لیمپ پوسٹ لگائے ہیںان میں ایسے عجیب و غریب بلب استعمال کئے گئے ہیں جنکی روشنی ٹریفک کی  کمی بیشی کی رہین منت ہے یعنی اگر ٹریفک کم ہے توروشنی مدہم ہوجاتی ہے اور اگر ٹریفک زیادہ ہو اور زیادہ گاڑیاں سڑک سے گزر رہی ہوں تو پوری سڑک زیادہ روشن ہوجاتی ہے جس سے گاڑی چلانے والو ں کو بطور خاص زیادہ مدد ملتی ہے۔ یہاں لگائی جانے والی تمام لائٹس ایل ای ڈی ہیں جو سڑک کے سنسان ہونے پر خود بخود مدہم ہوجاتی ہیں اور انکی روشنی صرف 20فیصد رہ جاتی ہے۔ جب بہت ساری گاڑیاں سگنل کے قریب سے گزرتی ہیں تو یہی لیمپ 100فیصد روشنی دینے لگتے ہیں۔ جس سڑک پر یہ تجربہ کیا گیا ہے وہ 5میل لمبی ہے اورمقامی حکام کا کہناہے کہ اس نئے طریقہ کار سے  فی ہفتہ 21ہزار کلو واٹ بجلی بچائی جارہی ہے جبکہ ایل ای ڈی لائٹس کے طفیل منفی اثرات رکھنے والی گیسوں کا اخراج بھی کم ہوتا ہے۔ ناروے ان ممالک میں سرفہرست ہے جو اپنے یہاں ماحولیات کا خاص خیال رکھتا ہے اور اسکی پوری کوشش ہے کہ کاربن کا اخراج اس کے یہاں کم سے کم ہو  تاکہ لوگ اطمینان  سے رہیں اور وہ ماحولیاتی تابکاری سے متاثر نہ ہوں۔ گاڑیوں کے گزرنے کے بعد وہ لیمپ جو سو فیصد روشنی دے رہے تھے پھر محض 20فیصد روشنی دینے لگتے ہیں او راس طرح اچھی خاصی بجلی بچ جاتی ہے۔

شیئر: