نئی دہلی- - - - یوگی حکومت میں اقلیتی امور اور حج و اوقاف کے وزیر محسن رضا کو اس وقت منھ کی کھانی پڑی جب حج ہاؤس کی دیوار کو بھگوا رنگ میں رنگنے کے معاملے نے طول پکڑ لیا۔ گزشتہ دنوں محسن رضا نے اترپردیش حج کمیٹی کے دفتر کی دیواروں کو راتوں رات بھگوا رنگ میں رنگوا دیا تھالیکن یہ حرکت مہنگی پڑ گئی۔زعفرانی رنگ کی خبرپھیلتے ہی وزیر اعلیٰ کے دفتر نے محسن رضا اور ان کے محکمہ سے باز پرس کی اور سخت تاکید کی کہ اس طرح کا قدم پارٹی اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ہے لہذا غلطی کا ازالہ کیا جائے۔واضح ہو کہ یو پی حج کمیٹی کے دفتر کی جب بھگواکاری کی گئی تو اس کاریاستی حج کمیٹی کے افسران اور مقامی مسلمانوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔ اقلیتی مسائل ،حج اور اوقاف کےسربراہ آر پی سنگھ، ایگزیکٹیو افسر وسیکریٹری حج کمیٹی یو پی کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کوجو رنگ استعمال کرنے کے لیے کہا گیا تھا اس نے اسے گہرا کر دیا ۔ اگر ایسا ہے تو محسن رضا کو بھگوا رنگ کی تعریف کرنے کی ضرورت ہی کیا تھی ؟۔وزیر اعلیٰ دفتر سےنوٹس کے بعد ریاستی حج کمیٹی کے دفتر کی دیواروں کو سفید اور ہلکے پیلے رنگ میں رنگ دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ محسن رضا وہ وزیر ہیں جنہوں نے دیوالی کے موقع پر اجودھیا میں یوگی اوران کے وزرا ءکے ساتھ سرجوگھاٹ پرہندورسومات ادا کی تھی جویوگی آدتیہ ناتھ کو بالکل اچھی نہیں لگیں، وہ نہیں چاہتے کہ بی جے پی کا مسلم چہرہ ہندوتوا پر عمل پیرا ہو جائے۔