عمان۔ ۔۔ اردن کے شہزادہ حسن بن طلال نے ایئر مارشل (ر)اصغر خان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی وفات کو پاکستان کیلئے ناقابل تلافی قومی نقصان قرار دیاہے۔ اردن میں پاکستان ایمبیسی کے ذریعہ بیگم اصغرخان کو بھیجے گئے اپنے تعزیتی خط میں شہزادہ حسن بن طلال اور انکی اہلیہ نے مرحوم کی گراں قدرخدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انتہائی قابل احترام قومی رہنما کی رحلت کا سن کر دکھ ہوا ۔ شہزادہ حسن نے کہا کہ اصغر خان کو ان کے اصولوں، اعلیٰ ساکھ اور قومی خدمات کی بنیاد پر ایسی قد آور قومی شخصیت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جن کی اقدار اور کردار پاکستانیوں کیلئے مشعل راہ رہیں گی۔