دہرہ دون۔۔۔۔اتراکھنڈ مدرسہ بورڈ کی کمیٹی نے ریاست بھر کے تمام مدرسوں کے نصاب میں سنسکرت اور کمپیوٹر سائنس کو اختیاری مضمون کے طور پر شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ اس تجویز پر آئندہ تعلیمی سال سے عملدرآمد شروع ہوگا۔ فی الحال مدارس میں ریاضی، سائنس، سماجی سائنس کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اتر ا کھنڈ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کی 5رکنی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سنسکرت اور کمپیوٹر سائنس کو بھی اختیاری مضامین کے طور پر شامل کرنے کی منظوری دی گئی ۔ بورڈ کے نائب رجسٹرار اخلاق احمد نے کہا کہ اس تجویز کی منظوری کیلئے مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کی اعلیٰ کمیٹی سے رجوع کیا جائیگا۔ واضح ہوکہ کچھ دن قبل مدرسہ ویلفیئر سوسائٹی نے ریاستی حکومت سے رجو ع کرکے سنسکرت کو بھی مدارس کے نصاب میں شامل کرنے کی اپیل کی تھی۔