ممبئی۔۔۔۔جمعیت علمائے ہند کی مہاراشٹر شاخ کے صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی نے اترپردیش شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی کو قانونی نوٹس بھیج کر ان سے مدرسوں کے متعلق وزیر اعظم ہند نریندرمودی اور وزیر اعلیٰ اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ کو لکھے گئے مکتوب پر 20کروڑ روپے ہرجانہ طلب کیا ہے۔ ان سے ہندوستانی مسلمانوں سے غیر مشروط معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔اعظمی نے کہا کہ وسیم رضوی کے ذریعے بھیجے گئے خط میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مدارس میں دہشتگردی کی تعلیم دی جاتی ہے ،نیز دینی مدارس نے ڈاکٹراورنجینیئر کے بجائے دہشتگرد پیدا کئے ہیں۔اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔ مدارس پر لگائے گئے الزامات ناقابل قبول ہیں۔