لکھنؤ۔۔۔۔۔کیا کبھی کوئی سوچ سکتا ہے کہ کھانے پینے جیسی معمولی بات پر کوئی پڑھا لکھا انسان خودکشی جیسا قدم اٹھا سکتا ہے ۔ایسا ہی واقعہ شہر کے گومتی نگر علاقے میں پیش آیا۔ وپل کھنڈ میں رہنے والے ڈاکٹر اوما شنکر کا اپنی بیوی سے کھانے کے بارے میں جھگڑا ہوا اور اس کے بعد ڈاکٹر اوما شنکر نے پھانسی لگا کر اپنی جان دیدی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکٹر جب گھر لوٹے تو اپنے ساتھ نان ویج کھانا لائے تھے جسے دیکھ کر ان کی بیوی دیپتی اگر وال ناراض ہوگئی اور اسے کھانے سے منع کیا تاہم ڈاکٹر نے اپنی 5سالہ بیٹی آدھیا کے ساتھ مل کر کھاناکھایا۔ اس دوران دونوں میاں بیوی میں تکرارشروع ہوگئی ۔بعد ازاں اوما شنکر نے دوسرے کمرے میں جاکر اندر سے کمرہ بند کرلیا ۔ جب کافی دیر وہ کمرے سے باہر نہیں نکلے تو بیوی نے آواز دیتے ہوئے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن کوئی جواب نہیں ملا ۔اسکے بعد بیوی نے شوہر کے مطب میں کام کرنیوالے ملازم ہیمنٹ پانڈے کو فون کر کے بلایا۔ کسی انہونی اندیشے کے سبب پولیس کو اطلاع دیدی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کمرے کا دروازہ توڑا تو ڈاکٹر اوما شنکر پنکھے میں رسی کے سہارے لٹکے ہوئے پائے۔ پولیس نے فوراً نیو اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قراردیدیا۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی اور معاملے کی تفتیش شروع کردی۔