300ارب ڈالر کے گرین بانڈ جاری ہونے کا امکان
لندن ۔۔۔ماہرین نے کہا ہے کہ رواں سال عالمی سطح پر 250 سے 300 ارب ڈالر کے گرین بانڈز جاری ہونے کا امکان ہے جو ایک ریکارڈ ہوگا۔ 2017 ء کے دوران دنیا میں 155.5 ارب ڈالر کے گرین بانڈز جاری کیے گئے۔برطانیہ کی غیر سرکاری تنظیم کلائمیٹ بانڈز انیشیٹو کی جانب سے جاری جائزہ رپورٹ کے مطابق 2017 ء کے دوران دنیا بھر میں 155.5 ارب ڈالر کے گرین بانڈز جاری کیے گئے جو 2016 ء کے 87.2 ارب ڈالر کے گرین بانڈز کی نسبت 78 فیصد زیادہ رہے۔2017ء کے دوران سب سے زیادہ گرین بانڈز امریکہ،چین اور فرانس نے جاری کیے جو دنیابھر کے کل بانڈز کے 56 فیصد سے زیادہ رہے۔امریکہ انفرادی طور پر بانڈز جاری کرنیوالا سب سے بڑا ملک رہا جہاں سال کے دوران 24.9 ارب ڈالر کے گرین بانڈز جاری کیے گئے۔ گرین بانڈز مارکیٹ میں2017ء کے دوران 10 نئے ممالک نے بھی شمولیت اختیار کی جن میں ارجنٹائن، چلی، فیجی،لتھوینیا، ملائیشیاء، نائیجریا، سنگاپور، سلوینیاء، سوئٹزر لینڈ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ 2018 ء کے دوران دنیا بھر میں گرین بانڈز کے اجراء کی کل مالیت بڑھ کر 250 سے 300 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے تاہم ٹریلین ڈالر مارک تک پہنچنے کے لیے3 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔