پاکستان پیپلز کلب کویت کی طرف سے منعقد ہونے والی تقریب میں کارکنوں، رہنماؤں اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی
* * *محمد عرفان شفیق۔ کویت* * *
کویت:پاکستان پیپلز کلب کویت کی جانب سے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 90 ویں سالگرہ کا جشن شاندار انداز میں منایا گیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ضیاء گریوال نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغازتلاوت قران سے ہوا جسکی سعادت قاری یعقوب نے حاصل کی جبکہ ہدیہ نعت سرور کونین سعیدکھوکھر نے پیش کیا۔
ضیاء گریوال نے ابتدائیہ میں کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہم آج شہید ذوالفقار علی بھٹو جو کہ پہلے منتخب وزیراعظم تھے، انکی سالگرہ کا جشن منا رہے ہیں۔
راجہ ارشد خان نے کہا کہ میں غریب پارٹی کا ادنیٰ کارکن ہوں۔شہید بھٹو نے کبھی اس پارٹی پر کوئی اجارہ داری قائم نہیں کی۔ یہ مزدور کی پارٹی ہے۔
راجہ جہانگیر خان نے کہا کہ پوری دنیابھٹو شہید کو اچھے الفاظ میں یاد کرتی ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں دنیا کی مشہور پارٹی کا حصہ ہوں۔
رانا فاروق خان نے کہا کہ ہم عظیم رہنما کا یوم ولادت منا رہے ہیں جس نے صرف پاکستان کابلکہ پوری امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
طارق محمود صدیقی نے کہا کہ جب بھٹو شہید کو تختہ دار پر لٹکایا گیا تو پوری قوم نے کہا کہ ڈکٹیٹر نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔
عارف بٹ نے کہا کہ بھٹو شہید ایک ایسے حکمران ہیں جو صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔
کویت کے معروف شاعر فیاض وردگ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو منظوم انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔حافظ شبیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم کے بعدبھٹو ایسا شخص ہے جسکا نام ہر پاکستانی کی زبان پر رہے گا۔
عوامی نیشنل پارٹی کویت کے صدر ڈاکٹر جہانزیب نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ آج اس چھت تلے تقریبا ًتمام پارٹیوں کے عہدہ دار موجود ہیں جو کہ شہید بھٹو سے محبت کا بلامبالغہ ایک ثبوت ہے۔
پاکستان پیپلز کلب کویت کے اشرف انجم نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا ہے اور اس ملک کو بچانے کے لیے بھی ہم نے مل کر کوشش کرنی ہے اور اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے۔
صدر پاکستان پیپلز کلب کویت عتیق عدنان نے اظہار خیال کرتے ہوئے بھٹو شہید اور اپنی رفاقت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے انہیں اپنا بھائی بنایا ہوا تھا۔انہوں نے حاجی افضل نور بانی پاکستان پیپلز کلب کویت کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ آخرمیں تمام احباب نے بھٹو کی سالگرہ کا کیک روایتی جوش و خروش اورجیے بھٹو کے نعروں کی گونج میں کاٹا۔