ہندوستانی مسلمان متحد ہوکر اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریں ،احمد الدین اویسی
بزم اتحاد مدینہ منورہ کا اجلاس ، جدہ کے عبید الرحمان ، یوسف الدین امجد،عبدالقیوم اور حسن بایزید کی شرکت
جدہ ( امین انصاری ) بزم اتحاد مدینہ منورہ کا اجلاس صدر بزم اتحاد گلوبل احمد الدین اویسی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں جدہ سے اتحاد کے نائب صدر عبید الرحمان ، جنرل سیکریٹری یوسف الدین امجد ،عبدالقیوم اور حسن بایزید نے خصوصی شرکت کی ۔ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے احمد الدین اویسی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستانی مسلمان متحد ہوکر اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریں ۔ جب تک ہم ایک بینر تلے نہیں ہونگے باطل اور فاشسٹ طاقتیں ہمارا استحصال کرتی رہیں گی اور ہمارے حقوق پامال ہوتے رہیں گے ۔ ہندوستان کا آئین ہمیں اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ ہم اپنے حق کیلئے آواز اٹھائیں ۔ انہوں نے اس موقع پرمسلم پرسنل لا میں بے جامداخلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکولر ملک میں اس قسم کے اقدامات سراسر افسوسناک ہیں ۔ انہو ںنے گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی مدلل بحث کی ستائش کی اور کہا کہ اسد اویسی مسلمانوں اور دلتوں کے مسائل کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ہمارا فرض ہے کہ ہم ان تمام سیکولر ذہن رکھنے والے قائدین کا ساتھ دیں ۔ اجلاس میں ارکان نے اس بات کا عزم کیا کہ ہم سیکولر پارٹیوں کا ساتھ دیں گے اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ شرکاءنے اس موقع پر اسد الدین اویسی اور اکبر الدین اویسی کی قیادت کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی نگرانی میں دیگر ممبران اسمبلی مسلمانوں کے حقوق کیلئے ایوان میں آواز اٹھاتے ہیں اور اپنے جائز مطالبات کو منواتے ہیں ۔اجلاس میں نذیر احمد ، دستگیر خان ، سید شاہ علی قادری ابرار، سید حیدر قادری ، نواز خان، محمد عقیل کمال اور دیگر ممبران نے شرکت کی ۔