وکٹوریہ.... وکٹوریہ کے ساحلی علاقے میں ایک فیملی صبح سویرے بڑی کشتی لیکر مچھلیاں پکڑنے نکلی اور بہت ساری مچھلیاں پکڑ بھی لیں مگر انکی یہ ساری کوششیں اس وقت رائیگاں گئیں جب بہت بڑی سفید فام شارک نے پانی سے اچانک نکل کر کشتی پر حملہ کردیا اور سامنے ہی رکھی ہوئی مچھلیاں چرا کر بھاگ گئی۔ مچھلیوں سے محروم ہونے والی فیملی کا کہناہے کہ انہیں انکی پکڑی ہوئی مچھلیوں سے محروم کرنے والی شارک 5میٹر لمبی تھی اور اسکا وزن کم سے کم 80پونڈ ہوگا۔ واقعہ کے وقت کشتی پر خاندان کے 6افراد سوارتھے جنکا کہناہے کہ شارک کے حملے کے بعد وہ جان کی امان کی دعا کرتے رہے کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ شارک کہیں انکی کشتی ہی نہ الٹ دے اس طرح وہ ڈوب سکتے ہیں۔ فیملی والوں نے کہا کہ حملے کے وقت انہیں احساس ہوا کہ کوئی بڑی سی چیزپانی کے اندر سے انکی کشتی کے قریب چکر لگا رہی ہے تاہم جب وہ پانی کی اوپری سطح پر آئی تو نظرآیا کہ وہ بہت بڑی شارک ہے مگر اس سے قبل کہ کوئی احتیاطی تدبیر کی جاتی شارک نے ا پنا کام کر دکھایا اور پکڑی ہوئی مچھلیاں لیکر پھر پانی میں چلی گئی۔مچھلیوں سے محروم ہونے کے بعد ان لوگوں کا کہناہے کہ انہیں ضائع ہونیوالی مچھلیوں کا افسوس ہے مگر جان بچنے کی خوشی بھی ہے۔ یہ ایسا تجربہ ہے جسے وہ شاید بھلا سکیں۔ اس موقع کی وڈیو بھی جاری ہوئی ہے۔ جسے دیکھ کر لوگ حیرانی کا اظہار کررہے ہیں اور مچھلیاں پکڑنے والے افراد کے زندہ بچ جانے کو خوشگوار واقعہ قرار دے رہے ہیں۔