رائے گڑھ۔۔۔۔چھتیس گڑھ میں پولیس نے دھوکہ باز گروہ کا پردہ فاش کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔پولیس نے بتایا کہ یہ گروہ جیٹ ایئرویز میں ایئرہوسٹس سے لیکرگراؤنڈ اسٹاف تک نوکری دلانے کے نام پر ایک ہزار سے زائد لڑکے لڑکیوں کو دھوکہ دے چکا ہے۔ گروہ کے 3افراد کو گرفتارکرلیا گیا ان کے قبضے سے تقریباً 20لاکھ روپے برآمد ہوئے جبکہ ان کا سرغنہ فرار ہے۔پولیس نے جیٹ ایئرویز کی فرضی دستاویزات اورمہریں بھی برآمد کیں۔دستاویزات میں تقریباً1150درخواست دہندگان کے نام موجود ہیں۔ جیٹ ایئرویز کے نام پر درخواست دہندگان سے بھاری رقمیں اینٹھی جارہی تھیں۔ گروہ کا پردہ فاش ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی پولیس اسٹیشن میں قطار لگ گئی۔