Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک کے خدمتگار پاکبانوں کے مسائل بہتر طور پر حل کئے جائیں، اسفندیارولی

    ریاض(ذکاء اللہ محسن)  عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ  اسفند یار ولی  نے واضح کیا ہے کہ  وطن عزیز پاکستان کے خدمتگار پاکبانوں کے  مسائل بہتر طور پر  حل کئے جائیں۔  انہیں  ووٹ کا حق دیا جائے ، انہیں اسمبلیوں تک رسائی دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاض میں  صحافیو ں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔   اسفندیار ولی نے  تحریک انصاف  سے متعلق   اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  یہ  جماعت عوامی مسائل کو  پس پشت ڈال کر  دھرنوں میںلگ گئی ہے۔  پی ٹی آئی  نے  خیبرپختونخوا میں  کوئی ادارہ  ایسا نہیں چھوڑا جو صحیح سمت میں چل رہا ہو۔  بجلی، تعلیم،  شاہراہوں  سمیت  کہیں بھی کوئی کام نہیں کیا۔  سوات ایکسپریس کی شروعات اے این پی نے کی تھی۔  پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی ایک دوسرے پر  بدعنوانی کے الزامات لگا رہے ہیں۔  مجھ پر  کرپشن کے الزامات  سراسر جھوٹ ہیں۔  پاکستان سے باہر  میرے  کوئی اثاثے نہیں۔  آباء واجداد سے  ترکہ میں ملنے والی  جائداد  سے زندگی گزار رہا ہوں۔  انہوں نے کہا کہ اے این پی نواز شریف کی  اتحادی نہیں، تاہم  احتساب  ان سب کا ہو جو پانامہ  لیکس میں شامل ہیں۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ  ہم نے افغانستان میں بھی روس کیخلاف  امریکہ کی جنگ لڑی تھی  جو جہاد نہیں فساد تھا۔  اب پاکستانی فوج  انہی عناصر کیخلاف ردالفساد آپریشن کررہی ہے۔  پاکستان کو  ایران ، ہندوستان  اور چین  تینوں  ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات  بنانے کیلئے  نئی خارجہ پالیسی ترتیب دینا چاہیئے۔  پاکستان  بلوچستان کے مسائل  ٹھیک اس طرح سے حل کرنے کا اہتمام کرے جیسا کہ  چین نے  تبت وغیرہ میں لوگوں  کو ان کے حقوق دے کر اور  تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبے  نافذ کرکے کیا تھا۔  انہوں نے  کہا کہ بجلی اور پانی کے مسائل حل کرنے کیلئے  بھاشا اور  دیامیر  ڈیم تعمیر کئے جائیں ۔ یہ کالا باغ سے زیادہ  بجلی  پیدا  کرسکتے ہیں۔
 

شیئر: