ڈیکاٹور ، جارجیا..... حاضر دماغی اور فوری فیصلے کی صلاحیت قدرت کی دین ہے مگر یہ وہ نعمت ہے جس کا بروقت استعمال بہت کم لوگ کر پاتے ہیں۔ یہاںر ہنے والے ایک فائر فائٹر نے محض اپنی حاضر دماغی اور سریع الحرکتی کے طفیل ایک بچے کی جان اس وقت بچالی جب اسے اسکے گھر والوں نے جلتی ہوئی عمارت کی تیسری منزل سے اس خیال سے نیچے پھینک دیا تھا کہ اس طرح وہ محفوظ رہ سکتا ہے۔ 3جنوری کو پیش آنے والا یہ واقعہ مقامی میڈیا پر بہت مشہور ہوا کیونکہ آگ بجھانے کیلئے آنے والی فائر بریگیڈ کا ایک رکن جو عمارت کی نچلی منزلوں میں آگ بجھانے والے گروپ کیساتھ کام کررہا تھا بچے کے پھینکے جانے کا شور سنتے ہی بلڈنگ سے باہر آیا اور تیسری منزل سے گرنے والے بچے کو بحفاظت گود میں دبوچ لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ فائر فائٹر کوئی اور نہیں بلکہ فائٹر کی ٹیم کی کیپٹن جیک پے رول ہیں جو 3بچوں کی ماں ہیں اوراپنی کارکردگی کیلئے علاقے میں اچھی خاصی شہرت رکھتی ہیں۔ آگ لگنے کے بعد عمارت کو کافی نقصان پہنچا تاہم ایک گھر میں رہنے والے 12افراد کو بحفاظت تمام نکال لیا گیا۔ اب جلی ہوئی عمارت کی مرمت وغیرہ کا کام شروع ہونے والا ہے۔