نیویارک.... نیویارک کے ایک نواحی علاقے میں جگہ جگہ خفیہ کیمرے لگے ہیں۔ جن میں اکثر و بیشتر خلاف توقع مناظر عکس بند ہوجاتے ہیں۔ ایسے ہی ایک کیمرے میں ایک بڑی بی کی تصویر نظرآئی ہے جنکی عمر لگ بھگ 80 کے قریب ہوگی مگر انہوں نے راہ چلتے ہوئے اپنا بیگ چھیننے کی کوشش کرنے والے رہزن سے مقابلے کی ٹھانی اور اسے آخر کار مار بھگایا۔ کہا جاتا ہے کہ رہزن اتنا ڈھیٹ تھا کہ وہ کافی دور سے خاتون کا پیچھا کررہاتھا اورپیچھا کرتے ہوئے انکے گھر کی عمارت میں بھی داخل ہوچکاتھا مگر جب رہزن نے بڑی بی کی بہادری دیکھی اور بعض پڑوسی بھی موقع پر پہنچے تو چور کو بھاگتے بنی۔ پولیس کاکہناہے کہ جو شخص خاتون کا بیگ چھین رہا تھا وہ کسی 3رکنی جرائم پیشہ گروہ سے تعلق رکھتا ہے اور دسمبر میں ہونے والی ڈکیتی میں بھی ملوث رہا ہے اس لئے اسکی ویسے بھی تلاش جاری ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس اسکے ساتھ کیا کرتی ہے مگر خاتون اپنے طور پر ہیرو یا ہیروئن بن چکی ہیں۔