ورلڈ الیون کے دورے کے بعد ہاکی لیگ کا انعقاد
کراچی: پاکستان کے دورے پر آنے والی ہاکی ورلڈ الیون میں ہالینڈ، جرمنی، نیوزی لینڈ ،اسپین اور اولمپک چیمپیئن ارجنٹائن کے کھلاڑی شامل ہیں۔ورلڈ الیون نے اپنے مختصر دورے میں پاکستان الیون کے خلاف کراچی اور لاہور میں 2میچز کھےلے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے ہوتے ہوئے ورلڈ الیون کے خلاف اپنے جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کومیدان میں اتارا۔ورلڈ الیون کے اس دورے کے موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ماضی کے متعدد نامور کھلاڑیوں اور امپائرز کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا جنھیں ہال آف فیم کا اعزاز دیا گیا۔ان کھلاڑیوں میں پنالٹی کارنر پر گول کرنے کے لیے مشہور ہالینڈ کے پال لٹجنر، بوولینڈر۔ جرمنی کے کرسچئن بلنک اور اسپین کے سکارے شامل ہیں۔اس موقع پر پاکستان کے6 سابق اولمپیئنز کو بھی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا جن میں اصلاح الدین، سمیع اللہ، اختررسول، شہناز شیخ، حسن سردار اور شہباز احمد شامل ہیں۔دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن ورلڈ الیون کے اس دورے کے بعد ہاکی لیگ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی دوبارہ شروع کرنے کے سلسلے میں یہ دورہ پہلا قدم ہے جس کے بعد وہ پاکستان سپر لیگ کی طرز پر ہاکی میں بھی لیگ کے انعقاد کا ارادہ رکھتے ہیں۔شہباز احمد نے بتایا کہ وہ پاکستان میں پہلی ہاکی لیگ کے سلسلے میں ایک مارکیٹنگ کمپنی سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے۔شہباز احمد کا کہنا ہے کہ اس لیگ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو نہ صرف مالی فائدہ ہوگا بلکہ انھیں اپنا کھیل بہتر کرنے میں بھی بڑی مدد ملے گی۔شہباز احمد کا کہنا ہے کہ پیسہ کمانا ہر کھلاڑی کا حق ہے لیکن اس وقت پاکستانی کھلاڑی بنگلہ دیش، عمان اور ملائیشیا کی لیگس میں حصہ لے رہے ہیں جن کا معیار اچھا نہیں۔ پاکستان میں لیگ ہونے سے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی کوچز کو غیرملکی کوچز کے ساتھ کام کرکے تجربہ حاصل ہوگا۔اسی طرح پاکستانی امپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کو بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔