راجر فیڈرر 10ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں
میلبورن: آسٹریلین اوپن کے دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر نے آسٹریلین اوپن میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ۔سوئس ٹینس اسٹار10ویں مرتبہ اس گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کے ہیون چنگ نے پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل کوالیفائی کرلیا ۔ گزشتہ روز کھیلے گئے کوارٹر فائنلز کے ساتھ ہی مینز سنگلز سیمی فائنلز کی لائن اپ مکمل ہو گئی۔ پہلے سیمی فائنل میں میرن سیلچ اور کائل ایڈمنڈ آمنے سامنے ہوں گے جبکہ فیڈرر فائنل تک پہنچنے کےلئے ہیون چنگ کا مقابلہ کریں گے۔خواتین کھلاڑیوں میں عالمی نمبر ون سیمونا ہیلپ اور سابق چیمپیئن اینجلک کربر نے سنگلز کی آخری 4کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی۔ راجر فیڈرر نے اپنے چیک حریف ٹوماس برڈچ کے خلاف بھی اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی اور اس ٹورنامنٹ میں ابھی تک کوئی سیٹ نہ ہارنے کا سلسلہ بھی آگے بڑھایا۔سوئس ٹینس اسٹار کو پہلے سیٹ میں کچھ مزاحمت کا سامنا ہوا اور وہ اسے 7-6سے جیتنے میں کامیاب رہے تاہم اگلے دونوں سیٹس میں ٹوماس برڈچ دفاعی چیمپیئن کا زیادہ ڈٹ کر مقابلہ نہ کر پائے اور انہیں6-3اور6-4سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے پہلے کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں جنوبی کوریا کے ہیون چنگ نے امریکہ کے ٹینیز سینڈگرن کو 6-4،7-6اور6-3سے ہراتے ہوئے پہلی بار کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کا تاریخ ساز کارنا مہ انجام دیا۔21سالہ کورین اسٹار نے اس کامیابی سے سب کو حیران کردیا کیونکہ امریکی کھلاڑی کو فیورٹ سمجھا جارہا تھا۔انہیں تیزی سے ابھرتے ہوئے ٹینس اسٹار کا اعزاز پہلے ہی مل چکا ہے اور انہوں نے اپنے کھیل سے اس کا پھر ثبوت دے دیا۔