لندن .... سیلف ڈرائیونگ کاروں کو حقیقت کا روپ دینے میں پیش پیش رہنے والا موجد اور سائنسدان سباستین تھرون نے اب مزید بلندی کی جانب دیکھنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے بچوں اور نوعمر طلباء کیلئے اس قسم کی آن لائن کار اسکول کھول دی ہے۔ جہاں بچوں کو اڑنے والی کاروں کو کنٹرول کرنے کی تربیت دی جائیگی۔ نیا کورس 12ہفتوں پر مشتمل ہوگا جس کی ابتداء فروری میں ہوگی۔ سباستین کو امید ہے کہ انہیں اس کورس میں داخلے کیلئے کم سے کم 10ہزار درخواستیں موصول ہونگی۔ انکا مجوزہ فلائنگ کار اسکول انکی قائم کردہ سیلیکون ویلی میں موجودرہیگا۔ انکا کہنا ہے کہ آئندہ چند سالوں میں پوری دنیا میں صرف ایک ہی موضوع گفتگو ہوگا اور اسکی سرخی یہی اڑتی ہوئی کاریں ہونگی۔ انکاکہناہے کہ وہ اس منصوبے کو آخری شکل دینے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ واضح ہو کہ 50سالہ تھرون کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی ہیں اور اسٹینفیورڈ یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔