Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرے،جنرل باجوہ

اسلام آباد...آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جمعرات کو پاکستان میں افغان سفیر عمر زخیلوال نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ عسکری قیادت نے حالیہ افغان حملوں کے پاکستان پر الزامات یکسر مسترد کر د ئیے اور واضح کیا کہ افغان حکام الزام تراشی کی بجائے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھائیں۔ افغان سر زمین سے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کئے جائیں۔ افغان سفیر کے ٹویٹ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ باہمی اعتماد سازی افغانستان میں امن و امان اور دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل اور جلال آباد میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ تحقیقات کے بغیر ہی بعض افغان حکام ان حملوں کا الزام پاکستان پر لگا رہے ہیں ۔ افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے انہوں نے مشترکہ تعاون پر زور دیا اور کہا کہ الزام تراشی کا کھیل ختم کیا جائے۔ ملاقات میں افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئے ۔

شیئر: