برمنگھم.... بعض لوگوں بالخصوص عورتوں کو اکثر یہ شوق رہتا ہے کہ کسی نہ کسی طرح چھوٹی سی چھوٹی رقم بچالیں بھلے اس کے نتیجے میں وہ کسی بڑی مصیبت میں پڑ جائیں۔ ماہرین کا کہناہے کہ فطری حوالے سے عورتیں وقتی فائدہ دیکھتی ہیں بہت کم عورتیں ایسی ہوتی ہیں جو آگے کی سوچتی ہیں۔ ایسا ہی کچھ یہاں این سی پی کارپارکنگ کے سامنے سڑک پر پیش آیا جہاں ایک خاتون ڈرائیور نے پارکنگ فیس بچانے کی غرض سے اپنی فورڈ فیسٹا کار کو آڑی کرکے سڑک پر کھڑا کردیا جس کے نتیجے میں راستہ بند ہوگیا اور پیچھے ٹریفک جام ہوگیا۔ صورتحال دیکھ کچھ لوگ باہر نکلے اور دیکھا کہ خاتون ڈرائیور غائب ہے۔ لوئس بوائڈنامی فوٹو گرافر نے موقع کی تصویر اتاری کیونکہ وہ بھی سڑک بند ہونے کی وجہ سے کافی پریشان تھا اور جلد اپنی منزل تک پہنچنا چاہتا تھا۔ ٹریفک پولیس کا کہناتھا کہ خاتون نے محض 5منٹ ٹریفک جام رکھی اور اس کوشش میں رہی کہ وہ اس پر 10پوائنٹ کا جرمانہ ہونے سے بچالے اور وہ آسانی سے کار پارک میں داخل ہو اور وہاں سے نکل بھی سکیں۔ اسے نہیں پتہ تھا کہ یہ سارا واقعہ خفیہ کیمرے میں قید ہورہا ہے۔ ایک سے دو منٹ بعد پیچھے آنے والی گاڑیوں نے ہارن بجانا شروع کردیا اور پورے علاقے میں شور مچ گیا۔وڈیو بنانے والے لوئس بوائڈ نے تمام تصاویر اور وڈیو و خبریں یوٹیوب پر جاری کردی ہیں اور لوگ حیرت و دلچسپی سے اسے دیکھ رہے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ خاتون کو مصروف سڑک پر گاڑی ترچھی کھڑی کرنے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑا ہوگا مگر وہ پوائنٹس بچانے کے چکر میں تھیں اور یہ حماقت کر بیٹھیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے چند منٹ میں گاڑیوں کی قطار لگ گئی اور علاقے کے دو سیکیورٹی گارڈز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔