راجر فیڈرر آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچ گئے
میلبورن:سوئس ٹینس اسٹار اور آسٹریلین اوپن کے دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر سیمی فائنل میںجنوبی کوریا کے ہیون چنگ کے زخمی ہوکر مقابلے سے دستبردار ہونے کے نتیجے میںکیریئر کے 30ویںگرینڈ سلام فائنل میں پہنچ گئے۔ سیمی فائنل کے دوران ہیون چنگ، جو کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے پہلے جنوبی کوریائی کھلاڑی تھے،دوسرے سیٹ میں2-5 کے پوائنٹ پر بائیں پاوں میں تکلیف کے باعث کھیل جاری نہ رکھ سکے اور دستبردار ہو گئے۔ فیڈرر نے پہلا سیٹ3-6سے جیتا تھا۔ہیون چنگ کا اس طرح ریٹائر ہو جانا شائقین اور خاص طور جنوبی کوریا والوں کےلئے افسوسناک ثابت ہوا ۔ ان سے بڑے اپ سیٹ کی توقع تھی۔ میچ میں فیڈرر پوری طرح چھائے رہے اور ٹورنامنٹ میں ابھی تک کوئی سیٹ نہ ہارنے کی روایت بھی برقرار رکھی۔ فائنل میں ان کا مقابلہ کروشیا کے مرین کلچ سے ہوگا جوپہلی مرتبہ آسٹریلین اوپن کا فائنل کھیلیں گے اور فیڈرر کے 20 ویں ٹائٹل کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کریں گے۔گزشتہ سال ومبلڈن کے فائنل میں بھی مرین نے فیڈرر کا مقابلہ کیا تھا لیکن فیڈرر کو شکست نہیں دے سکے تھے۔