چوتھا ون ڈے:آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 3وکٹ سے شکست دیدی
ایڈیلیڈ: بیٹنگ لائن کی ناکامی کے نتیجے میں انگلینڈ کی ٹیم5میچوں کی سیریز کے چوتھے ون ڈے میں3وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پیٹ کمنز، جوش ہیزل وڈ اور اینڈریو ٹائے کی شاندار بولنگ کے نتیجے میں انگلش ٹیم 44.5اوورز میں196رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ جوش ہیزل وڈ اور پیٹ کمنز نے8رنز پر انگلینڈ کے5کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا تاہم انگلش کپتان ایون مورگن نے معین علی کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں اسکور کو61رنز تک پہنچا کر ٹیم کو کم ترین اسکور پر آوٹ ہونے کی خفت سے بچالیا۔ مورگن اور معین علی نے33،33رنز بنائے جبکہ کرس ووکس نے78رنز اسکور کرتے ہوئے۔ ٹام کرن کے ساتھ 60رنز کی شراکت کے ذریعے ٹیم کو مقابلے کے لاحق تشکیل دینے میں نمایاں مدد فراہم کی۔ ٹام کرن نے35رن بنائے اور وہ آوٹ ہونے والے آخری بیٹسمین بھی تھے جبکہ مارک وڈ 2رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔پیٹ کمنز24رنز دے کر4جبکہ جوش ہیزل وڈ اور اینڈریو ٹائے بالترتیب 39 اور33 رنزدے کر2،2وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف37اوورز میں7وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ٹریوس ہیڈ صرف4رن کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور96رنز کے ٹاپ اسکور رہے۔ مچل مارش نے32رنز بنائے ۔ عادل رشید نے3وکٹیں لیں۔ پیٹ کمنز کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انگلش ٹیم پہلے 3میچ جیت کر سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکی ہے۔