ریاض .... وزیر نقل و حمل نبیل العمودی نے کہا ہے کہ ریاض اور جدہ کے مابین ریلوے سروس شروع کر نے کےلئے معروف کمپنیوں سے مذاکرات جاری ہیں ۔ توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ میں معاہدوں پر دستخط ہوجائیں گے جس سے دونوں شہروں کے مابین ریلوے لائن بچھانے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی جائیگی ۔ المدینہ اخبار کی اطلاع کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ دونوں بڑے شہروں کے مابین ریلوے سروس شروع کرنے سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے جس سے مقامی سطح پرروزگار کی فراہمی میں بھی سہولت ہو گی ۔ انہو ںنے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ مملکت میں بعض ہوائی اڈوں کی پرائیوٹائزیشن کے عمل کو مکمل کرنے کےلئے انہیں از سرنو منظم کیا جارہا ہے تاکہ نج کاری کے منصوبے کو منظم انداز میں مکمل کیا جاسکے ۔ نجی کاری کے بعد خدمات کی فراہمی اور معیار بھی کافی بہتر ہو گا جس سے مقابلے کی فضا بھی پیدا ہوتی ہے ۔ العمودی نے مزید کہا کہ سو ئٹز رلینڈ میں ہونے والی کانفرنس میں متعدد امور زیر بحث آئیں گے جن میں ریلوے ٹریکس کی مینٹینس اور دیگر امور کے علاوہ مزید ریلوے لائن بچھانے اور مملکت میں ذرائع نقل و حمل کو بہتر سے بہتر کرنا شامل ہو گا ۔ انہو ںنے مزید کہا وزارت ٹرانسپورٹ مملکت کے وژن 2030 کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کر رہی ہے تاکہ مختصر وقت میں بہترین اہداف حاصل کئے جاسکیں ۔