ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان اور نیوزی لینڈ فیصلہ کن میچ میں آمنے سامنے
ماﺅنٹ مانگانوئی:پاکستان اور نیو زی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ آج کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیںایک، ایک میچ جیت چکی ہیں ۔ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کے بعد پاکستان ٹیم کےلئے آج کا میچ عزت بحال کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے تاہم دوسری جانب میزبان ٹیم بھی سیریز میں فتح کےلئے سر دھڑ کی بازی لگانے کو تیار ہے ۔آج کا میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کرسکے گا ۔سیریز کے پہلے میچ میں ون ڈے سیریز کی طرح پاکستانی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہو کر میزبان ٹیم کو صرف106رنز کا ہدف دے سکی تھی جسے کیوی ٹیم نے3وکٹیں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم نے طویل وقفے بعد پہلی مرتبہ ٹیم اسپرٹ دکھاکر نیوزی لینڈ کو آوٹ کلاس کرکے 48رنز سے کامیابی حاصل کی۔ آج کا میچ ٹورانگا شہر کے نواحی علاقے ماونٹ مانگا نوئی کے بے اوول اسٹیڈیم میں کھیلا جارہاہے۔پاکستانی ٹیم اس گراونڈ میں پہلی مرتبہ کھیلے گی۔اس گراونڈ پر اب تک 5 ٹی ٹوئنٹی میچ ہوئے اور4 میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو فتح ملی۔نیوزی لینڈ کی ٹیم اب تک اس گراونڈ پر کوئی میچ نہیں ہاری۔یہاںبننے والاسب سے زیادہ اسکور5وکٹوں پر243رنز اور سب سے کم 124رنز رہا ۔گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے میچ کیلئے بھر پور پریکٹس کی اور مختلف سیشنز میں ورزش کے ساتھ ساتھ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی ۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو لیکچر دے کر ان کی خامیوں سے آگاہ کرتے ہوئے میچ کے بارے میں حکمت عملی بتائی۔