لاہور... پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مارچ تک نہیں رہے گی۔سیاسی اور قانونی حکمت عملی پر فوکس کررہے ہیں۔ جب اور جس وقت ضرورت پڑی احتجاج کریں گے۔نواز شریف کہتے ہیں کہ ان کی نااہلی کے بعد ڈرون حملے شروع ہوگئے تو کیا ڈرون حملے کرنے والے نواز شریف کے دوست ہیں جو ا نہیں دوبارہ اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں؟۔ اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کہ درندگی کے واقعات پر نوٹس لینا قابل تحسین اقدام ہے۔ کراچی میں نقیب محسود کے قتل پر نوٹس لیا گیا لیکن لاہورکے راو انواروں پر ہاتھ کب ڈالا جائے گا ۔پنجاب میں درجنوں راو انوار موجود ہیں۔ان میں سے کوئی معطل نہیں ہوا ۔ وہ سب محفوظ ہیں۔سانحہ ماڈل ٹاون کمیشن نے بھی کہا ہے کہ یکطرفہ فائرنگ کی گئی تھی۔ منہاج القران کے کسی کارکن نے گولی نہیں چلائی لیکن فائرنگ کرنے والے کسی پولیس اہلکار کو سزا نہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ زینب قتل کیس کے ملزم عمران کی گرفتاری کے بعد بھی ایک 5 سال کا بچہ اغوا ہوگیا ۔ اگر کوئی گینگ نہیں ہے تو بچہ کس طرح اغوا ہوا ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چند دنوں سے نواز شریف اور شہباز شریف مجھ پر بہت مہربان ہیں۔ہر جلسے میں مال روڈ لاہور کے جلسے کی ناکامی کا اعلان کرتے ہیں۔ نواز شریف صاحب آپ خالی کرسیوں سے بھی خوفزدہ ہیں۔آپ کا خوف درست ہے کیوں کہ آپ جانے والے ہیں ۔نواز شریف کی جانب سے نقل اتارنے سے متعلق طاہر القادری نے کہاکہ وہ میری نقل نہ اتاریں میری عقل اتاریں۔