حیدرآباد۔۔۔۔ بیوی کی ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ آکر ایک شوہر نے 3 منزلہ عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔یہ افسوسناک واقعہ تلنگانہ کے سکندرآباد کارخانہ علاقہ میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق لکشمی نگر کا رہنے والا 42 سالہ روی 2سال قبل سڑک حادثہ میں زخمی ہوگیا تھا ۔تب سے وہ کوئی بھی کام کرنے کے قابل نہیں رہا۔روی کی 35 سالہ بیوی مہیشوری قریب میں واقع ایک میڈکل شاپ میں ملازمت کرتی ہے ۔روزانہ ان دونوں میں جھگڑے ہوا کرتے تھے ۔گزشتہ روزبھی ان دونوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوگیا جس پر مہیشوری نے شوہر کی کافی ڈانٹ ڈپٹ کی اور بعد ازاں میڈکل شاپ چلی گئی۔اسکے کچھ دیر بعد روی عمارت کی تیسری منزل کی کھڑکی سے کود گیا۔خودکشی کے اس منظر کو سڑک پر گزرنے والے ایک شخص نے اپنے موبائل میں فلمبند کیا۔روی زمین پر گرنے کے بعد شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اسپتال منتقل کرنے کے بعد اسکی موت ہوگئی۔یہ دل دہلا دینے والا ویڈیو تیزی کے ساتھ سوشیل میڈیا پر عام ہوگیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال بھیج دیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔