جے پور۔۔۔۔۔راجستھان کی الور ، اجمیر لوک سبھاسیٹ اور بھیلواڑہ کی مانڈل گڑھ اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے ووٹنگ شروع ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب مغربی بنگال کی بھی ایک پارلیمانی اور ایک اسمبلی سیٹ کیلئے آج ووٹنگ صبح 8بجے سے شروع ہوچکی ہے۔راجستھان کی 3نشستوں کیلئے 41امیدواراپنی قسمت آزما نے کیلئے انتخابی میدان میں ہیں۔ان حلقوں میں 38لاکھ ووٹر ز ہیں۔ اس کے نتائج کا اعلان یکم فروری کو ہوگا۔چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ایک ہی نام کے کئی امیدواروں کی وجہ سے ووٹروں کوغلطی کے امکان سے بچانے کیلئے ای وی ایم مشینوں پر امیدواروں کی تصاویرپہلی مرتبہ لگائی گئی ہیں۔سبھی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اضافی سیکیورٹی دستہ تعینات کردیا گیا۔الور پارلیمانی نشست سے ڈاکٹر کرن سنگھ یادو (کانگریس)، ڈاکٹر جسونت یادو (بی جے پی) اور اجمیر پارلیمانی نشست کیلئے کانگریس کے ڈاکٹر رگھو شرما، رام سوروپ ( بی جے پی) اور مانڈلگڑ اسمبلی نشست کیلئے بی جے پی کے شکتی سنگھ اور کانگریس کے وویک دھاکڑ کے درمیان مقابلہ ہے۔