ریاض.... حرم مکی شریف میں ماہ رمضان اور حج موسم کے دوران ازدحام کے وقت معتمرین اور حجاج کی رہنمائی کےلئے تیار کردہ منصوبہ شیخ السدیس کو پہنچا دیا گیا ۔ منصوبہ ایک طالبہ نے تیار کیا ہے جس نے حرم شریف میں ازدحام کے دوران پیش آنے والی مشکلات کی نشاندہی کر کے اس کا حل پیش کیا ۔ادارہ امور حرمین کے نگران شیخ عبدالرحمان السدیس نے منصوبے کو قابل عمل قرار دیتے ہوئے اس پر کام کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ سبق نیوز کے مطابق راما المعیوف نامی طالبہ نے حرم شریف میں ازدحام کے دوران پیش آنے والی مشکلات کو حل کرنے کےلئے جو منصوبہ مرتب کیا ہے اس میں مختلف رنگ کی روشنیوں کے ذریعے زائرین اور حجاج کرام کو آگاہ کیا جائے گا کہ آگے جگہ نہیں ہے ۔ منصوبے میں مطاف کی نشاندہی کرنے کےلئے مخصوص رنگ کی روشنیوں کا اہتمام کیاجائے گا جس سے یہ معلوم ہو سکے گا کہ مطاف میں گنجائش ہے یا نہیں ۔ اس منصوبے سے ان عازمین کو سہولت ہو گی جو اپنے گروپس کے ہمراہ آتے ہیں جن کو اپنے گروپ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مقررہ وقت پر طواف کرنا ہوتا ہے تاکہ وہ انکے ساتھ ہی رہیں ۔ فرض نمازوں کے دوران مطاف کو مخصوص رنگ سے روشن کیاجائیگا جو دور سے دکھائی دے گا جس کے معنی ہونگے کہ مطاف میں نماز ہو رہی ہے اور طواف کی گنجائش نہیں ۔ فرض نماز کی ادائیگی کے بعد روشنی تبدیل کر دی جائے گی تاکہ معتمرین مخصوص روشنی دیکھ کر طواف کےلئے آسکیں ۔