لکھنؤ۔۔۔۔۔کاس گنج فرقہ وارانہ فساد کے دوران فائرنگ میں ہلاک ہونیوالے چندن گپتان کے قتل کے الزام میں پولیس نے سلیم کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے وسیم اور نسیم کی تلاش شروع کررکھی ہے۔مذکورہ ملزمان کے مکان پر گرفتاری کا نوٹس بھی چسپاں کردیا ہے جس میں تحریر ہے کہ ملزمان یکم مارچ تک عدالت میں حاضر ہوجائیں ورنہ ان کی جائداد قرق کرلی جائیگی۔یوپی پولیس کے لا اینڈ آرڈر اے ڈی جی آنند کمار نے بتایا کہ ایف آئی آر اور بیان کے مطابق سلیم ہی وہ شخص ہے جس نے اپنے گھر کی بالکنی سے چند ن پر گولی چلائی تھی۔ چندن کے جسم سے برآمد ہونے والی گولی کا باریک بینی سے معائنہ کیا جارہا ہے۔کاس گنج میں ہونیوالے فرقہ وارانہ فساد کی وڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں علاقے کے نوجوان ہاتھوں میں ترنگا، پستول اور ننگی تلواریں لہراتے نظر آرہے ہیں۔وڈیو میں فائرنگ کی آواز بھی وقفے وقفے سے آرہی ہے۔یہ وڈیو تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی ٹی کو ملی ہے۔وزیر اعلیٰ یوگی نے فساد کی تحقیقات کی ذمہ داری ایس ٹی ایف کے سپردکردی۔شہر میں ہونیوالی مختلف مقامات پررک رک کر آتشزنی کے واقعات سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلاہوا ہے اور ماحول ہنوز کشیدہ ہے۔