اندازہ نہیں تھا اتنا قیمتی ہوں، آسٹریلیوی فاسٹ بولر اینڈریو ٹائے
سڈنی:آسٹریلیا کے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائے نے آئی پی ایل میں 14 لاکھ ڈالر میں اپنی نیلامی پر خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندازہ نہیں تھا کہ میں اتنا قیمتی کھلاڑی ہوں۔اینڈریو ٹائے کو کنگز الیون پنجاب نے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔31سالہ بولر گزشتہ کئی سال کلب کرکٹر کے طور پر آسٹریلیا اور انگلینڈ میں کھیلتے آرہے تھے تاہم 2013ءمیں ویسٹرن آسٹریلیا کے کوچ اور سابق انٹرنیشنل کرکٹر جسٹن لینگر نے انہیں ایک طرح سے نئی زندگی دی اور ٹائے نہ صرف بگ بیش بلکہ قومی ٹیم میں واپس آنے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی نیلامی کے دن انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں 5وکٹیں حاصل کی تھیں۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں بولر نے اعتراف کیا وہ خود بھی اپنی اس قیمت پر حیران ہیںاور انہیں یقین نہیں آرہا ہے کہ کوئی اہم کھلاڑی نہ ہونے کے باوجود بھی میری اتنی قیمت لگا دی گئی۔ اینڈریو ٹائے اب تین ملکی سیریز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں میں حصہ لیں گے یوں انہیں آئی پی ایل کیلئے تیاری کا موقع مل جائے گا۔