Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی انجینیئرز کو تنخواہ کے علاوہ کیا مراعات ملیں گی؟

وزات کا کہنا ہے نئے ضوابط پر 31 دسمبر سے عمل درآمد کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ کی جانب مملکت میں سعودی انجینئرز کے پے سکیل و دیگر مراعات کے قانون کی منظوری دیے جانے کے بعد وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے نئے ضوابط پر 31 دسمبر سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کا کہنا ہے’ پے سکیل ضوابط کا اطلاق سرکاری اداروں سے منسلک انجینئرز پر ہوگا۔‘
 تنخواہ کا تعین پروفیشن کی کیٹگری کے مطابق ہوگا جن میں انجینئر، ایسوسی ایٹ انجینئرز، کنسلٹنٹ اور سپیشسٹ انجینئرز شامل ہیں جو انجینئرنگ کونسل میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہوں۔
 سبق نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت کی جانب سے مرتب کردہ ضوابط میں کہا گیا کہ ’پروجیکٹس پرکام کرنے کے لیے تنخواہ کے علاوہ 3 ہزارریال ماہانہ ادا کیے جائیں گے۔ یہ بونس کے طور پر ہوگا اس میں دیگر مراعات شامل نہیں ہوں گی۔‘
ضوابط میں مزید وضاحت کی گئی کہ ’اضافی الاونس 30 فیصد سے زیادہ انجینئرز کو الاٹ نہیں کیا جاسکتا تاہم اگر مزید انجینئرز کی ضرورت ہو تو اس صورت میں متعلقہ ادارے اور وزارت خزانہ سے سفارش کی جائے تاکہ وہ معاملے کا جائزہ لینے کے بعد ضرورت کو دیکھتے ہوئے انجینئرز کی تعداد میں اضافے کی منظوری دیں۔‘

شیئر: