بٹالہ۔۔۔۔بٹالہ میں ایک آئسکریم فیکٹری میں سلنڈر سے امونیا گیس کے اچانک اخراج سے فیکٹری مالکان سمیت متعدد کارکن بیہوش ہوگئے۔ اطلاع کے مطابق کاہنووان روڈ پر واقع تلی آئس فیکٹری میں اچانک گیس خارج ہونے سے وہاں کام کرنیوالے بیہوش ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فورس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ بٹالہ کے ایم او ڈاکٹر سنجیو بھلہ نے سول اسپتال سے ڈاکٹروں کی ٹیم اور ایمبولینس موقع پر روانہ کی۔گیس کے اخراج سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ فیکٹری کے مالک گورچرن سنگھ ، ان کے بیٹے امیر سنگھ اور نواسی سمبل کے علاوہ وہاں کام کرنے والے دیگر کارکن بیہوش ہوگئے جنہیں بٹالہ کے مرواہا اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ایس ڈی یم بٹالہ روہت گپتا نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا ۔ ایس ایس پی بٹالہ گھمن نے بتایا کہ 500میٹر تک علاقے کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔حادثے کی بابت تحقیقات کی جارہی ہیں۔