Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بگ بیش:ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے میلبورن رینیگیڈز کو فائنل کی دوڑسے باہر کردیا

ایڈیلیڈ:بگ بیش لیگز کے آخری2سیمی فائنلز کے ساتھ ہی ٹونامنٹ کی فائنلز لائن اپ مکمل ہو گئی اور مینز لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز پہلی مرتبہ جبکہ ویمنز لیگ میں دفاعی چیمپیئن سڈنی سکسرزنے مسلسل تیسری مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرلی جبکہ میزبان ٹیم ویمنز ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے سیمی فائنلز میں میزبان ٹیم ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد میلبورن رینیگیڈز کو صرف ایک رن سے شکست دے کرفائنل میں جگہ بنائی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسٹرائیکرز نے 5وکٹوں پر178رنز اسکور کئے۔ کپتان ٹریوس ہیڈ نے85رنز کی ناقابل شکست شاندار اننگز کھیلی جبکہ جیک ویدر بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے ۔ جوابی بیٹنگ میں رینیگیڈزہدف کے قریب پہنچنے کے باوجود محروم رہے اور 4وکٹوں کے نقصان پر177رنز بنا کر ہار گئے۔ آخری اوور میںرینیگیڈز کو فتح کیلئے 13اور آخری گیند پر3رنز درکار تھے تاہم 11اور ایک ہی رن بن سکا ۔ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اس سیزن میں ہوم گراونڈ پر ناقابل شکست رہتے ہو ئے پہلی بار فائنل میں پہنچ گئے جہاں ان کا مقابلہ ہوبارٹ ہریکینز سے ہوگا۔ٹریوس ہیڈ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔خواتین کے دوسرے سیمی فائنل میں ایشلے گارڈنر کی عمدہ بیٹنگ کے بعد سارہ ایلے کی زبر دست بولنگ نے سڈنی سکسرز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سڈنی سکسرز نے ایشلے گارڈنر کے72رنز کی بدولت5 وکٹوں پر138رنز اسکور کئے، سوفی ڈیوائن نے2وکٹیں لیں۔ ہدف کے تعاقب کے دوران ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی بیٹرز سڈنی سکسرز کی بولر سارہ ایلے کی زبردست اور نپی تلی بولنگ کا سامنا کرنے میں ناکام رہیں ، ٹیمی بیمونٹ نے کچھ مزاحمت کی اور نصف سنچری بنا نے میں کامیاب رہیں باقی کھلاڑیوں میں کوئی بھی اتنے رنز نہ بنا سکیں کہ ہدف تک پہنچا جا سکتا۔ ایڈیلیڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں9وکٹوں پر121رنز تک ہی پہنچ سکی اور سڈنی سکسرز نے میچ17رنز سے جیت لیا ۔ سارہ نے18رنز دے کر4 جبکہ سارہ کوئٹے اورکم گیرھ نے2،2وکٹیں لیں۔سارا ایلے میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔فائنل میں ان کا مقابلہ پرتھ اسکورچرز سے ہوگا۔

شیئر: