ویمن ایشز سیریز: پہلا میچ آسٹریلیا نے 2 وکٹوں سے جیت لیا
برزبن:ویمن ایشز سیریز کے پہلے ون ڈے میں میزبان آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 2وکٹوں سے شکست دے کی برتری حاصل کرلی ۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا ۔ ایشلے گارڈنر اور ایلکس بلیکویل نے آ سٹریلیا کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے9وکٹوں کے نقصان پر آسٹریلیا کو فتح کے لئے229رنز کا ہدف دیا تھا ۔انگلینڈ کی بیٹر لورین ونفیلڈ نے سب سے زیادہ48رنز اسکور لیکن صرف2 رنز کی کمی سے نصف سنچری سے محروم رہیں۔ سارہ ٹیلر نے34 اور نتالیہ اسکیور نے36رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی بولرایشلے گارڈنر3وکٹیں لے کر نمایاں رہیں۔ انہوں نے 47رنز دے کر یہ وکٹیں حاصل کیں۔جوابی بیٹنگ میں آسٹریلیا کی جانب سے ایلکس بلیکویل اور ایشلے گارڈنر نے ٹیم کو ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایلکس بلیکویل نے67رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ایلیسی ویلانی اور ایشلے گارڈنر نے 38اور27رنز بنا کر مجموعی اسکور میں اپنا حصہ ڈالا۔ آسٹریلوی ٹیم میچ کے آخری اوور کی پہلی گیند پر ہدف تک رسائی میں کامیاب ہوگئی اور اس نے 8وکٹوں کے نقصان پر231 رنز اسکور کئے ۔ انگلینڈ کی جانب سے ایلکس ہارٹلی اور کیتھرین برنٹ نے2وکٹیں لیں۔ایلکس بلیکویل کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔