تبوک.... ٹریفک خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کےلئے متبادل سزائیں مقرر کر نے کےلئے ادارہ امور صحت کے ساتھ معاہدہ کرلیاگیا ۔ عکاظ اخبار کے مطابق تبوک ریجن میں ادارہ ٹریفک پولیس اور ریجنل ادارہ امور صحت کے مابین معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ معاہدے کے مطابق ٹریفک خلاف ورزیوں کے مرتکب گرفتار افراد کو اس امر کا پابند بنایا جائے گا کہ وہ حادثات کے سبب اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی خدمت کریں ۔ اس بارے میں ریجنل ٹریفک پولیس ڈائریکٹر کرنل محمد العتیق کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی مقصد معاشرے میں سلامتی کے اصولوں کو اجاگر کرنا اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کروانا ۔ قوانین کا مقصد لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنانا اور انہیں سنگین حادثات سے محفوظ رکھنا ہے ۔ کرنل العتیق نے مزید کہا کہ متبادل سزاﺅں کا مقصد لوگوں میں اس شعور کو اجاگر کرنا ہے کہ تیز رفتاری اور قانون شکنی کے کس قدر سنگین نتائج برآمد ہوتے ہیں ۔ سنگین ٹریفک حادثات کی وجہ سے اسپتالوں میں زیر علاج افراد کی خدمت کرکے سزائیں پانے والے قانون شکنی اور تیز رفتاری کے نقصانات سے از خود آگاہ ہو جائیں گے اور آئندہ کےلئے قانون شکنی سے باز آجائیں ۔ دریں اثناءتبوک ریجن میں ادارہ امور صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غرم اللہ الغامدی نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس کے مثبت اثرات برآمد ہونگے ۔ انسانی نفسیات ہے کہ وہ جب اپنی آنکھوں سے خطرناک نتائج دیکھتا ہے تو وہ اس کے ذہن پر اثرانداز ہوتے ہیں جس سے وہ ان ا فعال سے کنارہ کش ہو جاتا ہے ۔ ہمارا مقصد معاشرے میں آگاہی پیدا کرنا اور لوگوں کو نقصانات سے بچانا ہے ۔ قوانین سب کےلئے یکساں ہوتے ہیں ان پر عمل کرنا ہرایک کی ذمہ داری ہے ۔ دریں اثناءدمام میں ٹریفک پولیس خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کو اسپتال میں زیر علاج ایسے مریضوں کے پاس لے جایا گیا جو ٹریفک حادثات کے باعث مکمل یا جزوی طور پر معذور ہو گئے ہیں ۔ اس ضمن میں ڈاکٹر محمد الشھرانی کا کہنا تھا کہ تیز رفتاری کے جنون میں مبتلا افراد کو اسپتال لانا اور انکی ملاقات ان مریضوں سے کروانا جو خلاف ورزی کے باعث زیر علاج ہیں مثبت اقدام ہے ۔ اس طرح لوگ لاشعور ی طور پر خلاف ورزیوں سے اجتناب برتیں گے جس کے بہتر نتائج برآمد ہونگے ۔