Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ، انگلش سیکشن میں ”ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس“

29وفود کی شرکت، عالمی مسائل کو اجاگر کیاگیا، ہمیںدنیا کو محفوظ اور خوشحال بنانے کے لئے عالمی مسائل کو سمجھنا ہوگا، پرنسپل عدنان ناصرکا شرکاءسے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان انٹرنیشنل اسکول ، انگلش سیکشن، میں پرنسل عدنان ناصر نے ”ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس“ کا افتتاح کیا جو متحدہ جیسے عالمی ادارے کی عکاسی کر رہی تھی۔ کانفرنس کا مقصد عالمی مسائل کے حوالے سے طلبہ و طالبات میںتدبر اور معاملہ فہمی جیسے اوصاف کو اجاگر کرنا تھا۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ اسکول کے آڈیٹوریم کو اقوام متحدہ کی اسمبلی کی طرح سجایاگیا تھا۔ اس کانفرنس میں طلبہ کے29وفود نے شرکت کی جو پاکستان، ہندوستان، سعودی عرب،چین، امریکہ ، ایران اور دیگر ممالک کی نمائندگی کر رہے تھے۔ کانفرنس کا ایجنڈا دونکاتی تھا جس میں ”امن کے لئے اتحاد، ٹکڑوں میں تقسیم نہیں“ اور ”ترقی پذیر ممالک میں معاشی اور معاشرتی مسائل “جیسے نکات شامل تھے۔این پی ٹی ایجنڈے کی صدر شفا اشعر تھیںجبکہ ”ایس ڈی جی “ ایجنڈے کی صدارت انوشہ خواجہ نے کی ۔ کامر س کلب کے وجیہ خلیل نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیئے۔ کانفرنس کے افتتاح کے بعد پرنسپل عدنان ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ”ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس“ جیسی سرگرمیوں کا مقصد نہ صرف طلبہ و طالبات کو اپنے خیالات کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے بلکہ انہیں صبر، تحمل، فہم و فراست، نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ وسیع النظری اور ہر طرح کے نکتہ نظر کو قبول کرنے جیسے اوصاف کا حامل بنانا ہے کیونکہ آج کے یہ نوجوان وفود ہی مستقبل کے سفیر اور سفارتکار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیںدنیا کو محفوظ اور خوشحال بنانے کے لئے عالمی مسائل کو سمجھنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ آپ نوجوان ہی دنیا میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیںاور اس دنیا کو ایک بہتر مقام بنا سکتے ہیں۔ آخرمیں پرنسپل نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول جدہ ، انگلش سیکشن، کی تاریخ میںپہلی مرتبہ ”ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس“ جیسا منفردپروگرام منعقد کرنے پر کامرس کلب اور سینیئر اسکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔

شیئر: