سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی : آسٹریلیا اورانگلینڈ کی ٹیمیں 7 فروری کو مد مقابل ہونگی
ہوبارٹ : سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کا دوسرا میچ 7 فروری کو ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا جس میں میزبان آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ سہ ملکی سیریز کا گزشتہ روز آغاز ہو چکا ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مشترکہ طور پر سیریز کے میزبان ہیں، سیریز کے ابتدائی تینوں میچز آسٹریلیا جبکہ فائنل سمیت بقیہ 3 میچز نیوزی لینڈ میں کھیلے جائیں گے۔تینوں ٹیمیں آپس میں دو، دو میچز کھیلیں گی۔ آسٹریلیا نے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا تھا اور اب کینگروز دوسرا میچ 7 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ 10 فروری کو آسٹریلیا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا، 13 فروری کو نیوزی لینڈ اپنا دوسرا میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا، 16 فروری کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، 18 فروری کو چھٹا اور آخری میچ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 21 فروری کو شیڈول ہے۔