بالاسور۔۔۔۔ہندوستان نے ملک میں بنائے گئے درمیانے فاصلے تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل اگنی(1) کاکامیاب تجربہ کرلیا۔ ہندوستانی فوج نے صبح 8.30بجے اوڈیشہ کے عبدالکلام جزیرے پراس کا تجربہ کیا۔ اس میزائل کی لمبائی 15میٹر ہے۔ یہ 700کلومیٹر فاصلے تک مارکرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اسے موبائل لانچنگ پیڈ سے چلایا گیا۔ یہ اوڈیشہ کے ساحل سے متصل بالاسور میں عبدالکلام جزیرے کے انٹیگریٹیڈ ٹیسٹ رینج (آئی ٹی آر ) میں واقع ہے۔ اس میزائل کا وزن 12ٹن ہے۔یہ 1000کلووزنی ایٹمی ہتھیار ساتھ لے جاسکتا ہے۔اگنی (1)میزائل کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے۔ریسرچ سینٹر’’ امرات‘‘اور حیدرآباد میں قائم بھارت ڈائنامکس لمیٹیڈ نے اسے بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔باخبر ذرائع کے مطابق اگنی(1) میزائل نے مقررہ تمام اہداف متعینہ مقامات پرمارکرکے حاصل کرلئے۔واضح ہو کہ اس میزائل کا تجربہ سب سے پہلے 2004ء میں کیا گیا تھا ۔ زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل اگنی(1) کو سالڈپراپ لینٹس کے ذریعے تیار کیا گیا جسے خصوصی نیوی گیشن سسٹم سے آراستہ کیا گیا ہے اسکی بدولت مقررہ اہداف کو حاصل کرنے میں غلطی کا امکان نہیں رہتا۔