نیویارک۔۔۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر امریکی شہر نیویارک کے معروف ٹائمز سکوائر میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خاتمہ کا مطالبہ کیا۔ ریلی میں شریک پاکستانیوں اور سکھوں نے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔ریلی کے شرکاء نے اس موقع پر بھارت کے خلاف نعرے لگائے، انہوں نے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ’’بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے‘‘، ’’آزادی سب کے لئے: آزادی کشمیر کے لئے‘‘ اور ’’ نو جسٹس: نو پیس‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ریلی کا اہتمام کشمیر فریڈم موومنٹ نے کیا تھا۔ریلی کے شرکاء میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کے سابق رکن سردار سرور خان اور واشنگٹن میں قائم خالصتان افیئرز سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر امرجیت سنگھ شامل تھے۔اس موقع پر ٹائمز سکوائر میں ایک بڑا ڈیجیٹل بل بورڈ بھی نصب کیا گیا تھا جس پر کشمیر پر ہندکے غاصبانہ قبضے کے خاتمہ کا مطالبہ اور ’’بلوچستان از پاکستان‘‘ کے الفاظ درج تھے۔