نیشنل ا سنوکر چیمپیئن شپ، محمدسجاد ٹائٹل کا دفاع کرینگے
کراچی :43ویں نیشنل ا سنوکر چیمپیئن شپ 12فروری سے کراچی جیمخانہ میں شروع ہورہی ہے۔ ملک بھر سے 52 کیوئسٹس ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ چیمپیئن شپ میں محمد سجاد ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ مقابلے 21 فروری تک جاری رہیں گے۔ چیمپیئن شپ میں ملک کے چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد کے کیوئسٹس حصہ لے رہے ہیں۔قومی جونیئر انڈر 18 اینڈ انڈر 21 چیمپیئن شپ کے 4 جبکہ 3 کیوئسٹس وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے ایونٹ میں شامل ہیں۔ ایونٹ میں شرکت کرنے والے 52 کیوئسٹس کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ سے 2کیوئسٹس پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ کوالیفائنگ راونڈ بیسٹ آف سیون، پری کوارٹر فائنلز اور کوارٹر فائنلز بیسٹ آف نائن، سیمی فائنلز بیسٹ آف الیون جبکہ فائنل بیسٹ آف 15 فریمز پر مشتمل ہو گا۔ چیمپیئن شپ کا فاتح کیوئسٹ رواں برس ایران میں شیڈول 34ویں ایشین اسنوکر چیمپیئن شپ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرے گا۔ پی بی ایس اے کے ترجمان نے بتایا کہ ایونٹ کیلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ اور 72 ہزار روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ فاتح کیوئسٹ کو ایک لاکھ جبکہ رنر اپ کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔