لندن... وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی معیشت کا رکن بنانے اور بہترین سرمایہ کاری و سیاحتی منزل بنانے کیلئے سرمایہ کاروں اور وزیٹرز کیلئے دیگر ممالک کی طرح جلد الیکٹرانک ویزے کے اجراءپر غور کر رہے ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ دفتر خارجہ کے ساتھ مشاورت سے جلد ای ویزا کے اجراءپر کام کر رہے ہیں تاکہ دوسرے ممالک کی طرح حقیقی وزیٹرز اور سرمایہ کاروں کو یہ ویزا جاری ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پالیسیوں سے پاکستان کی معیشت نے درست سمت گامزن ہے۔ اس کا دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شمار ہو رہا ہے۔ انہوںنے پاکستانی تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ آفیشل اور بینکنگ چینل کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ترسیلات زر پاکستان بھجوائیں ۔ اپنے مادر وطن میں سرمایہ کاری کیلئے اس کی ترقی میں بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ترجیحی بنیادوں پر درپیش مسائل حل کئے جائیں گے۔