اقوام متحدہ۔۔۔ دنیا بھر میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کام کرنیوالے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ویمن نے کہا ہے کہ ترقی کی رفتار میں نمایاں تیزی لائے بغیر 2030ء تک صنفی مساوات کے ہدف کا حصول مشکل ہوگا۔ ادارے کی سربراہ فمزائل ملامبو نکوکا نے صنفی مساوات کے حوالے سے ایک رپورٹ کے اجراء کے موقع پر کہا کہ ہمیں ترقی اور صنفی مساوات کے حوالے سے فوری اقدامات کرنا ہوں گے اور اس حوالہ سے سفارشات رپورٹ میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف میں دنیا بھر کے تمام لوگوں کو شامل کیا گیا ہے لیکن ان اہداف خصوصاً خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے ہدف کے حصول کی کوششوں پر مسلسل نظر رکھنا ضروری ہے۔کم عمری کی شادیاں اور غربت خواتین کے مسائل کی بڑی وجوہ ہیں۔ اس وقت دنیا بھر میں 1.90ڈالر یا اس سے کم یومیہ آمدنی رکھنے والی خواتین کی تعداد ایسے مردوں سے44 لاکھ زیادہ ہے۔