منگل 20فروری کو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ
نسلی بیخ کنی کے ارتکاب کا باعث بننے والی نفرت اور تشدد پر اشتعال انگیزی کی مزاحمت سے متعلق مذہبی اداروں ، قائدین اور افراد کے کردار کو موثر بنانے کیلئے عالمی اسکیم شروع کردی گئی۔ یہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا عمل ہے۔ اقوام متحدہ مذہبی اداروں ، قائدین اورافراد سے اس سلسلے میں تعاون لے رہی ہے۔ اقوام متحدہ نے بین الاقوامی اسکیم تیار کی ہے۔ کنگ عبداللہ سینٹر برائے مکالمہ کے تعاون سے اسے آگے بڑھایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مذہبی قائدین اور اداروں سے بھی مدد لی جارہی ہے۔
اپنی نوعیت کا یہ پہلا تاریخی پروگرام واضح کرتا ہے کہ سعودی عرب مذاہب کے پیرو کاروںاور مختلف تہذیبوں و تمدنوں سے نسبت رکھنے والوں کے درمیان پرامن بقائے باہم کی تحریک کے حوالے سے قافلہ سالار کا کردار ادا کررہا ہے۔ سعودی عرب کی کوشش ہے کہ تنازعات کے حل کیلئے مکالمے کا اسلوب اختیار کیا جائے۔ انتہا پسندی، تشدداور دہشتگردی کے مسائل کو جڑ سمیت ختم کیا جائے۔ سماجی ہم آہنگی اور امن و سلامتی کے لئے پائدار ترقیاتی بنیادیں راسخ کی جائیں۔ شاہ عبداللہ عالمی مرکز برائے مکالمہ نے مذکورہ بین الاقوامی معاہدے کی تیاری میں قابل قدر کردارادا کیا ہے۔ اسکا اعتراف سیکریٹری جنرل کی جانب سے آیا ہے۔ مرکز نے مذکورہ پروگرام پے درپے مشورے کرکے انجام دیا۔ 230سے زیادہ افراد، قائدین اور ادارو ںکو شریک کیا گیا۔70ممالک سے زیادہ کے سیاسی فیصلے کرنے والوں کو شامل کیا گیا۔
سعودی عرب، آسٹریا او راسپین کے تعاون سے ویانا میں مکالمہ سینٹر قائم کئے ہوئے ہے۔ اسکا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کے درمیان تعاون اور احترام باہمی کی حوصلہ افزائی نیز مذاہب کے پیرو کاروں اور مختلف تہذیبوں سے نسبت رکھنے والوں کے درمیان افہام و تفہیم کے رابطے استوار کرنا ہیں۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ اسکا قائم کردہ مذکورہ مرکز دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ کھلے مکالمے کا عالمی مرکز ثابت ہو۔ اسکی بدولت افکار و تصورات اور خیالات کی شمعیں روشن ہوں۔ سب کی خاطر سب مل جل کر کام کریں۔ مختلف تہذیبوں کی رنگا رنگ تمدنی قدروں کو اجاگر کیا جائے اور مذہبی و ثقافتی اختلاف سے بالا ہوکر سب ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر صلاح و فلاح کے کام کریں اور افہام و تفہیم کے قلعے استوار کریں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭