ملاوی .... افریقہ کی مشہور ملاوی جھیل سے کچھ عرصہ قبل جو عجیب و غریب لیکن بڑی حد تک خوبصورت کہی جانے والی مچھلی دریافت کی گئی تھی اسے بڑی حفاظت سے اب جھیل سے نکال کر بڑے حوض میں محفوظ کردیا گیا ہے۔ ماہرین آبی حیاتیات نے انسانوں جیسے ہونٹ رکھنے والی اس مچھلی کو’’ پکر ‘‘کا نام دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے ہونٹو ںکو دیکھ کر یہ احساس بھی ہوتا ہے کہ یہ مچھلی آپ سے کچھ کہہ رہی ہے یا آپ کی کسی بات پر حیرت زدہ ہوکر اپنے ہونٹ کھولے ہوئے ہے۔ اس رائے عامہ کے برعکس سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ حیرت انگیز طور پر انسانی ہونٹوں سے ملتے جلتے ہونٹوں والی یہ مچھلی اپنے ان ہونٹوں کو دشمنو ںکے خلاف ہتھیار اور اپنی حفاظت کیلئے ڈھال کے طورپر استعمال کرتی ہے اور کھانے پینے میں بھی مدد دیتی ہے۔ حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق بہت سے لوگ اس مچھلی کے ہونٹوں کو کسی انتہائی حسین و جمیل خاتون کے دلکش لبوں سے تعبیر کررہے ہیں اور یہ اتنے خوبصورت سمجھے جارہے ہیں کہ دیکھنے والوں کی نظر میں اینجلا جولی کو بھی اس پر رشک آسکتا ہے۔ مچھلی کی جو وڈیو جاری ہوئی ہے وہ سیاحوں کے ایک گروپ نے تیار کی ہے جو تعطیلات گزارنے کیلئے اس علاقے میں آیا تھا اور پھر ٹینک میں رکھی جانے والی اس مچھلی کو دیکھ کر پہلے تو وہ حیر ت زدہ ہوئے اورپھر قدرت کا کرشمہ کہتے ہوئے اسکی وڈیو تیار کرلی۔ واضح ہو کہ جھیل ملاوی دنیا بھر میں اس لئے بھی مشہور ہے کہ اس میں مچھلیوں کی بے پناہ اقسام پائی جاتی ہیں اور مقامی محکمہ ماہی گیری کا کہناہے کہ جھیل ملاوی میں پائی جانے والی مچھلیوں کی اقسام 500سے ایک ہزار تک ہوسکتی ہیں تاہم ان میں سے بیشتر مچھلیاں ایسی ہیں جو جھیل ملاوی میں ہی پائی جاتی ہیں۔