ملکی ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا ، صدر ممنون
کراچی ...صدر ممنون نے کہا ہے کہ قومی ترقی کے لیے خواتین کی تعلیم ناگزیر ہے۔ طالبات اپنی دلچسپی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں۔بعض گمراہ عناصر نے بدامنی پیدا کرکے کراچی کو بہت نقصان پہنچایا۔حکومت کی درست حکمت عملی اور بروقت اقدامات کے نتیجے میں کراچی میں امن بحال ہوچکا۔ اب اس شہراور پاکستان کی ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ ملک کی سمت درست ہے۔حکومت کی کارکردگی سے بہتری پیدا ہوئی۔ خاتون پاکستان گرلز اسکول کے دورے کے موقع پرصدر نے کہا کہ ملک میں مسائل اور پریشانی کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ ان سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ موجودہ حالات میں بھی جلد بہتری آجائے گی ۔ ملک ترقی کے راستے پر گامزن رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ تعلیم کے بغیر ممکن نہیں۔ماضی میں تعلیم سمیت بہت سے شعبے نظر انداز ہوئے۔ نیشنلائزیشن سے بھی کئی قسم کے مسائل پیدا ہوئے۔ا نہوں نے کہا کہ اس صورت حال سے نکلنے کے لئے نجی شعبہ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔صدر نے کہا کہ گھوسٹ اسکولوں سے تعلیم کی شرح میں کمی ہوئی۔ موجودہ حکومت گھوسٹ اسکولوں کو ختم کرکے تعلیم کے فروغ کی پالیسی پر کاربند ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے خواتین کی تعلیم ناگزیر پرائمری تعلیم کا شعبہ مکمل طور پر خواتین کے پاس ہونا چاہئے۔ وزارت تعلیم اس منصوبے پر کام کررہی ہے۔ انہوںنے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنی دلچسپی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں۔ اس مقصد کے لیے بیرون ملک بھی جانا پڑے تو ضرور جائیں لیکن اس دوران وہ پاکستانی اقدار کا ضرورخیال رکھیں کیونکہ اجنبی تہذیبوں کی اندھی تقلید سنگین معاشرتی مسائل پیدا کرتی ہے۔ صدر نے کہا کہ کراچی فراخ دل لوگوں کا شہر ہے، خیر کے کاموں کے لئے سب سے زیادہ چیریٹی کرتا ہے۔