خاتون ڈرائیور نے گاڑی کو ٹکر مار کر معذرت نامہ اور 73 ریال رکھ دیے
پارکنگ سے گاڑی نکالتے ہوئے ساتھ والی گاڑی کے بمپر کو نقصان پہنچا ( فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب میں پارکنگ میں کھڑی گاڑی کو ٹکر مارنے کے بعد خاتون ڈرائیور نے متاثرہ کار پر لفافے میں اس کےلیے 73 ریال رکھے اور معذرت نامے میں درج کیا میرے پاس صرف اتنے ہی پیسے تھے اسے قبول کریں۔
المرصد نیوز نے سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو کے حوالے سے بتایا ایک خاتون نے پارکنگ سے اپنی گاڑی نکالتے ہوئے ساتھ والی گاڑی کے بمپر سے گاڑی ٹکرا دی جس سے گاڑی کے بمپرپر ہلکا سے ڈینٹ پڑگیا۔
خاتون نے معذرت نامے کے ساتھ 73 ریال رکھے جس میں لکھا تھا’ اس رقم سے اپنی گاڑی کا نقصان پورا کرلیں کیونکہ میرے پاس صرف یہی کچھ تھا، امید ہے آپ مجھے معاف کردیں گے، آپ کی بہن۔‘
وڈیو میں متاثرہ گاڑی کے مالک نے ہنستے ہوئے کہا ’ایمان آپ کو معاف کردیا مگر آپ نے بھی خود پر جبر کیا ’یعنی رقم رکھ کر۔‘
سوشل میڈیا کے ایک صارف نے اپنے کمنٹ میں لکھا ’کوئی بات نہیں اس ڈینٹ کو درست کرنے میں محض دس ریال کا خرچہ آئے گا۔ گرم ہوا کے ذریعے بمپر کو درست کیا جاسکتا ہے۔‘