جدہ: غرناطہ انٹرنیشنل اسکول میں تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب
طلبہ نے علم کی فضیلت ، مزاحیہ مشاعرہ اور پاک سعودی قومی ترانوں سے رنگ بھر دیئے، طلبہ کے ساتھ اساتذہ کو بھی انعامات سے نوازا گیا
* * * * *
ندیم ذکاء ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے جدہ کے غرناطہ انٹرنیشنل اسکول و کالج میں تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کا آغاز گریڈ 4کے محمد بن قاسم کی خوبصورت آواز میں تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد گریڈ 7کے سلمان سعید نے خوش الہانی سے نعت پڑھی۔ انعامات کی تقسیم کے دوران طلباء نے وقفے وقفے سے خوبصورت خاکوں اور ٹیبلوز کی مدد سے تقریب میں رنگ بھردیئے۔ گریڈ11 کے طلباء سعد ندیم اور موسیٰ نوید کی خوبصورت کمپیئرنگ میں انعام یافتہ طلباء و اساتذہ اسٹیج پر جلوہ افروز ہوتے رہے اور مہمانان گرامی اور مہمان خصوصی سے سرٹیفکیٹ، میڈلز ، ٹرافیاں اور نقد انعامات وصول کر کے خوشی کا اظہار کرتے رہے۔ تعلیمی کارکردگی کے علاوہ سالانہ کھیلوں کے بھی مختلف ایونٹس میں طلباء او راساتذہ کی ستائش کی گئی اور سرٹیفکیٹ پیش کئے گئے۔
پاکستان قونصلیٹ جنرل کے پریس قونصلر ارشد منیر اور پاکستانی کمیونٹی کے روح رواں مسعود پوری مہمان خصوصی اور اعزازی مہمان کے طور پر مدعو تھے۔ طلباء کی جانب سے ٹیبلوز علم کی عظمت، سالانہ یوم والدین اور مزاحیہ مشاعرہ تیار کیا گیا تھا جسے خوب پذیرائی ملی۔سر محمد ریحان، اسلم بقاء اور محمد یوسف نے تیاری کرائی ۔تقریب میں خاص طور پر طلباء نے عرب لباس زیب تن کر کے سعودی عرب کا قومی ترانہ انتہائی ترنم سے پیش کیا۔تقریب کی تیاری اور کمپیئرنگ کے رموز میں ہردلعزیز ٹیچر راجہ سجاد اختر کی خصوصی محنت واضح نظر آرہی تھی۔
پوزیشن حاصل کرنے والے انعام یافتہ طلباء میں گریڈ2 کے احمد ندیم، ہارون نوید، یحییٰ آصف، محمد صفدر، حسن شیر،ابسام عمران، گریڈ 3 کے سعد سعید، انس ایوب،سید عبداللہ ،عبدالرحمان،احمدعصید،احمد زیب،گریڈ4 کے عمادالدین، عبداللہ آصف، عبدالرافع، گریڈ5 کے وقار خالد، عبداللہ، عکاشہ سلیم،گریڈ6 کے محمد ندیم، عمر عمران، عمیر وسیم، حسن ظفر ، عبدالباسط ، سلطان احمد، گریڈ7 کے محمد عظیم، عثمان صدیق، محمد بلال، گریڈ 8کے واصف عمیر ، محمد حر، عمیر صدیق،گریڈ 9کے عبداللہ وسیم، اسامہ یوسف، فراز خالد، گریڈ 10کے حسن انور، موسیٰ نوید، عبدالمغنی، گریڈ11کے حسیب خان، اسامہ احمد، عبداللہ ندیم، گریڈ 12کے حمزہ اکبر، ایان افتخار، عمر صدیق۔
وائس پرنسپل اعجاز احمد خان نے اسکول کی سالانہ کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اسکول کے بانی مسعود جاوید کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسعود جاوید آج ہمارے درمیان موجود نہیں لیکن یہ پودا جو آج 11سال بعد تناور درخت کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ ہمیں اس پر فخر ہے۔ کتنے ہی پاکستانی طلباء و طالبات اس درخت کی چھاؤں سے مستفید ہو رہے ہیں اور اپنے علم کی بنیادی منزلیں طے کر رہے ہیں۔
اسکول کے ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر جاوید مسعود نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے اسکول کی درجہ بدرجہ ترقی پر روشنی ڈالی۔ 2006ء میں جب صرف 50طلباء کے ساتھ اسکول کی بنیاد رکھی گئی تواندازہ تھا کہ عنقریب یہ تعداد سیکڑوں میں ہو جائیگی اور الحمدللہ آج 900سے زائد پاکستانی طلباء و طالبات اس سے فیضیاب ہو رہے ہیں۔ اس کیمبرج سسٹم اسکول کا فیڈرل بورڈ اسلام آباد سے الحاق ہے جس سے ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی کے طلباء و طالبات پری میڈیکل اور پری انجینیئرنگ کی تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔
قبل ازیں ڈائریکٹر اسکول چوہدری محمد اعظم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مہمانان گرامی ، والدین ، اساتذہ اور خصوصی طور پر طلباء کا بے حد شکریہ ادا کیا جن کی مدد او رمحنت سے یہ خوبصورت تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ انہوں نے اساتذہ او ر وائس پرنسپل کو اسکول کی جانب سے نقد انعامات پیش کئے۔خوبصورت تقریب کا اختتام پاکستانی قومی ترانے پر ہوا جسے تمام حاضرین نے باادب کھڑے ہو کر انہماک سے سنا۔ آخر میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی رنگوں کی آمیزش سے بھرپور عمدہ ریفرشمنٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔